پاکستانی میڈیا اور فنکاروں پر پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پابندی عائد کیے جانے کے بعد زیادہ تر پاکستانی مشہور شخصیات بھارت کے اس فیصلے کا مذاق اُڑاتی نظر آئیں اور اس پر تنقید کی۔ جس میں حنا الطاف، عمران عباس، یاسر حسین، مشی خان، اعجاز اسلم اور دیگر کئی فنکار شامل ہیں۔
جہاں ایک طرف فنکاروں نے اس فیصلے پر کھل کر بات کی اور انڈیا کو جواب دیا وہیں پاکستانی یو ٹیوبرز اس معاملے پر خاموش نظر آئے جب صحافیوں نے ان سے سوال کیا کہ پاک بھارت صورتحال پر کیا کہیں گے تو انہوں نے چپ سادھ لی اور اس پر جواب دینے سے گریز کیا۔
پاکستان کی معروف ٹک ٹاکرجنت مرزا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ بیرون ملک ایک ایونٹ میں شریک تھیں جہاں ایک صحافی نے اُن سے پاک بھارت تعلقات پر ان کے خیالات پوچھے تو انہوں نے اس پر خاموشی اختیار کی اور اشارے سے بتایا کہ وہ اس موضوع پر بات نہیں کرنا چاہتیں۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے مقدس فاروق اعوان لکھتی ہیں کہ پاکستان کی سب سے بڑی سوشل میڈیا اسٹار جنت مرزا بھارت کے خلاف ایک لفظ نہ بول پائیں تاکہ وہاں ان کا اکاؤنٹ بین نہ ہو جائے۔