گزشتہ دنوں ایک خبر میں دعویٰ کیا گیا کہ افریقی ملک موریطانیہ سے سعودی عرب جانے والی ایک حج پرواز حادثے کا شکار ہوگئی ہے، جس میں 210 عازمینِ حج سوار تھے اور تمام افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اس افسوسناک دعوے کو سوشل میڈیا پر غیر معمولی تیزی سے پھیلایا گیا، اور اس کے ساتھ چند تصویریں بھی شیئر کی گئیں جن میں ایک جہاز کو سمندر میں گرتے اور دوسرے کو زمین پر تباہ شدہ حالت میں دکھایا گیا تھا۔

تاہم جب خبر کی حقیقت جاننے کی کوشش کی گئی تو صورتحال یکسر مختلف نکلی۔ موریطانیہ کی حکومت نے باقاعدہ طور پر اس خبر کو مسترد کردیا۔ وزارتِ مذہبی امور کے حج امور کے ڈائریکٹر، الولی طحٰہ، نے تصدیق کی کہ ملک کے تمام عازمین بخیروعافیت سعودی عرب پہنچ چکے ہیں اور کسی بھی پرواز کو کسی قسم کا حادثہ پیش نہیں آیا۔
اسی طرح موریطانیہ ایئرلائنز نے بھی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام حج پروازیں محفوظ طریقے سے مکمل ہوچکی ہیں اور کسی حادثے کی اطلاع نہ حکومت کو ملی ہے اور نہ ہی ایئرلائن کو۔