پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی اہلیہ ثانیہ اشفاق نے اپنے شوہر کی مبینہ گرل فرینڈ نائلہ راجہ کے الزامات کا جواب دے دیا۔
ان دنوں عماد وسیم ایک بار پھر شہ سرخیوں میں ہیں، اس بار اپنی پرفارمنس کے باعث نہیں بلکہ گھریلو تنازع کے سبب وہ شہ سرخیوں میں ہیں۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ثانیہ اشفاق نے عماد وسیم کی مبینہ گرل فرینڈ کو جاری عدالتی کیس کے حوالے سے وارننگ دے دی۔
انہوں نے لکھا کہ ’ثبوت عدالتوں اور مجاز اداروں میں پیش کیے جاتے ہیں، نہ کہ عوامی تماشے کے لیے سوشل میڈیا پر۔ انصاف قانونی عمل کے ذریعے ہوتا ہے، وائرل ہونے سے نہیں۔ پہلے سے غمزدہ فریق کے خلاف بدنامی یا اشتعال انگیزی کی کوئی بھی کوشش قانون کے مطابق سختی سے نمٹائی جائے گی۔‘
واضح رہے کہ حال ہی میں عماد وسیم نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اہلیہ سے طلاق کا کیس دائر کیا ہے۔
کھلاڑی کی جانب سے طلاق کا کیس دائر کرنے کی تصدیق کے بعد اہلیہ ثانیہ اشفاق بھی خاموش نہ رہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کا گھر تیسرے شخص کی وجہ سے اجڑ گیا اور اس حوالے سے تمام دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔ ثبوتوں کو منظر عام پر نہ لانے کے لیے دھمکی دینے والوں سے قانونی طور پر نمٹا جائے گا۔
ثانیہ اشفاق کی تنقید کے بعد نائلہ راجہ میدان میں آئیں اور کہا کہ اگر کسی کے پاس واقعی ٹھوس شواہد ہیں تو کوئی انہیں پیش کرنے سے نہیں روک سکتا۔ بےبنیاد الزامات لگانے کے بجائے اپنے ثبوت متعلقہ قانونی اداروں کے سامنے پیش کریں۔ جس کے بعد ثانیہ اشفاق نے ثبوت عدالت میں جمع کروانے کا انتباہ دے دیا۔
اس معاملے پر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد ثانیہ اشفاق کی حمایت کرتی نظر آ رہی ہے اور کئی افراد نے ان کے لیے حوصلے اور دعا کے پیغامات دیے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ آپ کو مزید ہمت ملے، مضبوط رہیں۔ ایک اور نے لکھا کہ گھر توڑنے والوں کے لیے سخت قوانین ہونے چاہئیں۔
THE PUBLIC POST