فنگر پرنٹس میں دشواری کا مسئلہ ختم؛نادرا نے بڑی سہولت متعارف کرادی

اسلام آباد:فنگر پرنٹس کے معاملے میں شہریوں کو دشواریاں پیش آنے کے بعد نادرا نے بڑی سہولت متعارف کروا دی۔

نادرا کی جانب سے چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک تصدیقی سہولت کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے بعد بزرگوں یا طبی مسائل کے باعث شہریوں کو فنگرپرنٹس کی تصدیق میں دشواری کا مسئلہ ختم ہوگیا۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہدایت پر نادرا نے کئی اقدامات کیے ہیں، جن کے تحت قومی شناختی کارڈ قوانین میں ترمیم کے ذریعے بائیومیٹرک کی تعریف وسیع کر دی گئی ہے اور پاک آئی موبائل ایپ پر چہرے کی شناخت سے بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت دی گئی ہے۔

اس سلسلے میں 20 جنوری سے تمام نادرا مراکز میں چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک تصدیقی سرٹیفکیٹ کا اجرا ہو گا، جہاں شہری ضرورت پڑنے پر معمولی فیس کے عوض سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے ۔ فنگر پرنٹس کی تصدیق نہ ہونے پر شہری قریبی نادرا رجسٹریشن مرکز جائے گا اور چہرے کی شناخت کی کارروائی مکمل ہونے پر نادرا ایک سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔

اس پر تصویر، شناختی کارڈ نمبر، نام، ولدیت، منفرد ٹریکنگ آئی ڈی اور کیو آر کوڈ ہوگا۔ یہ سرٹیفکیٹ 7 دن کے لیے قابلِ استعمال ہوگا۔

ترجمان کے مطابق نادرا اس نظام کے نفاذ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور اس حوالے سے متعلقہ سرکاری و نجی اداروں سے ضروری اقدامات کی درخواست کر دی گئی ہے۔ 20 جنوری کے بعد اس سہولت کی دستیابی سے متعلق شکایت پر متعلقہ ادارے یا محکمے کو شکایت کی جا سکے گی۔

ڈیجیٹل آئی ڈی کے اجرا کے بعد یہ سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر بھی دستیاب ہو گی۔

Check Also

بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی اور تاریخی اصلاحات، وزارت توانائی کارکردگی رپورٹ جاری

اسلام آباد:وزارتِ توانائی پاور ڈویژن نے سال 2025 کی ایک سالہ کارکردگی پر مبنی رپورٹ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *