پاک فوج کا ریسکیو مشن: سیلاب میں پھنسے خاندان کی زندگیاں بچالیں، ویڈیو سامنے آگئی

پاک فوج نے کامیاب ہیلی ریسکیو مشن مکمل کرکے سیلاب میں پھنسے خاندان کی زندگیاں بچا لیں۔

رپورٹ کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں کل رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے الارم بجا دیے گئے ہیں اور قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

جڑواں شہروں کے کچھ علاقوں میں کل رات سے اب تک 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی جس کے باعث راولپنڈی اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

پاک فوج نے حالیہ مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے متاثرہ علاقوں میں بھرپور امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں زمین اور فضاء کے ذریعے امداد فراہم کر رہی ہیں، جب کہ ہیلی ریسکیو مشنز کے ذریعے کئی قیمتی جانیں بچا لی گئیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق جہلم کے علاقوں ڈھوک بھیدر، داراپور، رسول نگر خورد، برہان نالہ اور ڈھوک بڈار میں پاک فوج کے دستے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔

ان علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آئی ہے جس کے نتیجے میں کئی مقامات پر آبادی محصور ہو کر رہ گئی تھی۔

ریسکیو ٹیمیں متاثرین کو فوری خوراک، لائف جیکٹس اور ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہی ہیں۔ اب تک درجنوں افراد کو بحفاظت نکالا جا چکا ہے جبکہ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

چکری روڈ پر گاؤں لڈیان میں شدید بارش کے باعث ایک خاندان مکان کی چھت پر پناہ لیے بیٹھا تھا، خراب موسم کے باوجود پاک فوج کا ہیلی کاپٹر فوری طور پر متحرک ہوا اور تینوں افراد کو کامیابی سے نکال لیا گیا۔

مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر پاک فوج کی ٹیمیں صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پاک فوج سیلاب سے متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

Check Also

پاکستان کا یو اے ای کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

پاکستان کا یو اے ای کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ سہ ملکی سیریز …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *