بھارت کے ناگپور میں شادی کے نام پر لوگوں کو لوٹنے والی انتہائی چالاک لٹیری دلہن سمیرا فاطمہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مبینہ ’لٹیری دلہن‘ جو گزشتہ ڈیڑھ سال سے مفرور تھی، ناگپور کے مختلف علاقوں میں رہنے والے کم از کم 8 شادی شدہ مردوں کو شادی کا جھانسہ دے کر چونا لگا چکی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ سمیرا جو کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور اسکول ٹیچر تھی، سوشل میڈیا کے ذریعہ شادی شدہ مردوں کو اپنی محبت کے جال میں پھنسا لیا کرتی تھی۔ وہ خود کو یہ کہہ کر ہمدردی حاصل کرتی تھی کہ وہ طلاق یافتہ ہے اور کہتی تھی، میرا ساتھ دو، میں دوسری بیوی بن کر رہوں گی۔
مرد اس کے جھانسے میں آکر اس سے شادی کرلیا کرتے اور خاتون ایک ماہ بعد ہی جھگڑا کرلیا کرتی اور بلیک میل کرنا شروع کر دیتی۔
رپورٹس کے مطابق لٹیری دلہن کورٹ کیس اور تصفیہ کے نام پر لاکھوں روپے بٹورتی تھی۔ درحقیقت، متاثرہ غلام پٹھان (شوہر) نے مارچ 2023 میں اس کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔
اس کا الزام ہے کہ 2010 سے سمیرا نے 8 شادیاں کیں اور تقریباً 50 لاکھ روپے بھتہ وصول کیا۔ پولیس کے پاس 10 لاکھ روپے کے فراڈ کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔