سینئر اداکارہ نشو بیگم نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ لیجنڈری اداکار وحید مراد سیٹ پر سب کے ساتھ شرارتیں کیا کرتے تھے اور کئی بار انہیں اتنا تنگ کرتے کہ وہ رو بھی دیا کرتی تھیں۔
نشو بیگم نے حال ہی میں پوڈکاسٹ ’ٹاک وِد علی اطہر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار وحید مراد کو یاد کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وحید مراد پاک و ہند کے وہ ہیرو تھے جو آج بھی بے حد مقبول ہیں، ان کے چاہنے والے آج بھی موجود ہیں، جو ان سے محبت کرتے ہیں اور ان کی نقل کرتے ہیں۔
نشو بیگم کے مطابق وحید مراد ایک بڑے برانڈ کی حیثیت رکھتے تھے کیونکہ ان کا اسٹائل منفرد تھا، بڑی بڑی آنکھیں، لباس پہننے کا انداز اور بولنے کا طریقہ سب ہی دلکش تھا، وہ جب کبھی بھی کسی لڑکی کی آنکھوں میں دیکھتے تھے تو وہ ضرور ان سے متاثر ہوتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ فلم کی شوٹنگ کے دوران جب وہ خراب موڈ کے ساتھ سیٹ پر آئیں تو وحید مراد نے ان کا دوپٹہ اوڑھ کر ان کی نقل اتاری اور انہیں ہنسنے پر مجبور کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پرانے زمانے کے اداکار صرف اپنے کام تک محدود نہیں رہتے تھے بلکہ ہمیشہ ماحول کو خوشگوار بنانے اور بہترین کام کرنے کی کوشش کرتے تھے۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ وحید مراد سیٹ پر انہیں اکثر تنگ کرتے تھے، کبھی کھانا چھپا دیتے، کبھی ان کی وگ کے ساتھ مذاق کرتے جس پر وہ رو بھی دیا کرتیں، لیکن سب کو ان کی یہ شرارتیں بہت مزے دیتی تھیں۔
نشو بیگم نے کہا کہ ایک موقع پر انہوں نے اسپاٹ بوائے وحید کو ڈانٹ کر وحید مراد سے بدلہ لینے کی کوشش کی، اگلے دن وحید مراد ایک لڑکی کو سیٹ پر لے آئے جس کا نام بھی نشو تھا اور سب کے سامنے اس لڑکی کو ڈانٹنا شروع کردیا، یہاں تک کہ وہ رونے لگ گئیں، اس پر وحید مراد نے کہا کہ اب اصل بدلہ پورا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ وحید مراد کی یہی شرارتیں کبھی انہیں تنگ کرتیں اور کبھی ہنسنے پر مجبور کردیتی تھیں، کئی بار وہ یہ بھی سوچتیں کہ دوبارہ ان کے ساتھ کام نہیں کریں گی لیکن وحید مراد ہمیشہ انہیں راضی کرلیا کرتے تھے۔
خیال رہے کہ وحید مراد کو پاکستان فلم انڈسٹری کا چاکلیٹی ہیرو کہا جاتا ہے، ساٹھ اور ستر کی دہائی میں ان کی فلمیں سپرہٹ ہوئیں اور وہ نوجوانوں کے اسٹائل آئیکون بن گئے۔
ان کی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ مرد و خواتین سب ان کے فیشن، بات کرنے کے انداز اور شخصیت کی نقل کرتے تھے، آج بھی وہ پاکستان کے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں، ان کا انتقال 1983 میں کراچی میں ہوا۔