پیپلز پارٹی نے ن لیگ سے لفظی جنگ کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم سے وطن واپسی پر پی پی کا وفد ملاقات کرکے تحفظات کا اظہار کرے گا۔
حکومتی جماعت (ن) لیگ اور اتحادی جماعت پیپلز پارٹی میں لفظی جنگ جاری ہے، پی پی کی جانب سے اسمبلی بائیکاٹ پر ن لیگی وزراء نے وزیراعظم سے ملاقات میں تخفظات اٹھانے کیلئے پیپلز پارٹی ارکان کو مشورہ دیا ہے جس پر پیپلز پارٹی نے اپنے تحفظات وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع پیپلز پارٹی کے مطابق لندن سے وزیراعظم شہباز شریف کی وطن واپسی پر پیپلز پارٹی کی قیادت ان سے ملاقات کرے گی، پیپلز پارٹی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گی اور تخفظات دور نہ ہونے پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو پنجاب کی اصل کارکردگی دکھانے کا ٹاسک ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں پیپلز پارٹی ن لیگ کے تخفظات دور کرنے کیلئے قائم کمیٹی کی کارکردگی بے سود رہی ہے، پیپلز پارٹی وزیراعلیٰ پنجاب اور وزراء کے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رکاوٹوں پر مبنی بیان اورتنقید سامنے رکھے گی۔
ذرائع پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سیلاب متاثرین کے لیے امداد کے مطالبات تو وفاق سے ہیں پنجاب حکومت کا ان سے کوئی تعلق نہیں، وفاقی حکومت پیپلز پارٹی کے ووٹوں سے بنی ہے، عزت نہ ملی تو پیپلز پارٹی دوسرا آپشن سوچ سکتی ہے۔