کراچی (پبلک پوسٹ )
کراچی کے علاقے نیپا چورنگی میں کھلے مین ہول میں گر کر تین سالہ ابراہیم کی ہلاکت کے بعد سوگوار والد نبیل نے شدید غم و غصے اور بے بسی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اور متعلقہ ادارے کھلے مین ہولز پر ڈھکن نہیں لگا سکتے تو وہ خود مختلف مقامات پر ڈھکن لگوانا شروع کردیں گے، تاکہ کسی اور معصوم کی جان ضائع نہ ہو۔
نبیل کا کہنا تھا کہ “میں کس سے کیا کہوں؟ میرا بیٹا تو چلا گیا۔
کوئی کارروائی کرنے والا ہوتا تو موقع پر موجود ہوتا۔
کسی نے ذمہ داروں کے خلاف کچھ کرنا ہوتا تو وہ اسی وقت آ جاتے۔”
انہوں نے شکوہ کیا کہ ان کا بیٹا 14 سے 15 گھنٹے تک پانی میں رہا لیکن اسے بچانے کے لیے کوئی بروقت نہ پہنچ سکا۔
غمزدہ والد کا کہنا تھا کہ اگر لوگ انہیں کال کریں تو وہ ان کے گھروں کے سامنے اور دیگر مقامات پر بھی ڈھکن لگوانے کی کوشش کریں گے۔
نبیل نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کے بچے کی المناک موت کے بعد کم از کم کوئی اور خاندان اس اذیت سے نہ گزرے۔
THE PUBLIC POST