کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں سابق منگیتر کے ہاتھوں خاتون کے بہیمانہ قتل کا مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں سرجانی ٹاؤن تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ ملزم تاحال فرار ہے۔
درج مقدمے کے متن کے مطابق مقتولہ کا اپنے شوہر سے خلع کا کیس عدالت میں زیر سماعت تھا۔ والدہ نے بیان دیا ہے کہ ان کی بیٹی کے سر پر پانے (بھاری آلے) سے وار کر کے قتل کیا گیا، جبکہ آلۂ قتل جائے وقوعہ پر ہی موجود تھا۔
مقدمے میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزم، جو مقتولہ کا سابق منگیتر تھا، نے واقعے کے بعد لاڑکانہ میں اپنی خالہ کو فون کر کے قتل کا اعتراف کیا۔ مدعیہ کے مطابق ملزم چند روز قبل دبئی سے واپس آیا تھا اور ان کے گھر میں ہی مقیم تھا۔
والدہ نے بتایا کہ واقعے کے روز وہ گھر سے باہر تھیں، جب واپس آئیں تو بیٹی کی لاش گھر میں پڑی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا موبائل فون بند ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور جلد ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
THE PUBLIC POST