کرپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجی اپنانے کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے حکومت پاکستان نے بلال بن ثاقب کو کرپٹو کونسل کا چیف ایڈوائزر مقرر کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ و ریونیو کے مشیر برائے پاکستان کرپٹو کونسل تعینات ہونے والے بلال بن ثاقب فوربز 30 انڈر 30 میں شامل ہیں، وہ کرپٹو ماہر اور ویب 3 انویسٹر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بلال بن ثاقب کو برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے “پوائنٹس آف لائٹ ایوارڈ” سے نوازا گیا، ایم بی ای اعزاز یافتہ بلال بن ثاقب حکومت پاکستان کے ساتھ کرپٹو پالیسی پر کام کریں گے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ییان کے مطابق پاکستان کرپٹو اور بلاک چین کے فروغ کے لیے عالمی معیار کی پالیسی اپنانے کی راہ پر گامزن ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کرپٹو اثاثوں کے لیے مؤثر ریگولیٹری فریم ورک بنانے پر کام کر رہا ہے، مصنوعی ذہانت کے ذریعے حکومتی امور میں جدت لانے پر بھی مشاورت ہو گی، کرپٹو معیشت سے نوجوانوں کو روزگار اور ترقی کے مواقع ملیں گے۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بلال بن ثاقب کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا جب کہ بلال بن ثاقب نے کہا کہ کرپٹو اور بلاک چین نوجوانوں کے لیے ترقی کے مواقع پیدا کریں گے۔