یوکرین جنگ کے خاتمے پر ٹرمپ کیساتھ بہت سے معاملات طے پاگئے؛ پوٹن

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ماہ الاسکا میں ہونے والی ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ یوکرین جنگ کے خاتمے پر افہام و تفہیم تک پہنچ گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر نے آمادگی ظاہر کی کہ وہ ٹرمپ کی ثالثی میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ امن مذاکرات پر راضی ہیں۔

خیال رہے کہ فرانسیسی صدر سمیت مغربی ممالک نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو صدر ٹرمپ کے ساتھ طے پانے والے معاملات پر ردعمل کے لیے آج (پیر) تک مہلت دی تھی۔

جس کے بعد آج چین میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب میں صدر پوٹن نے یوکرین پر حملہ کرنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے ایک بار پھر مغربی ممالک کو یوکرین جنگ کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

اپنی تقریر میں صدر پوٹن نے یہ بھی کہا کہ الاسکا میں ٹرمپ کے ساتھ ملاقات میں اہم نکات پر اتفاق ہوگیا اور امید ہے کہ اس سمت میں آگے بڑھتے ہوئے یوکرین میں امن کی راہیں کھلیں گی۔

اس کے ساتھ ہی روسی صدر نے ایک بار پھر زور دیکر کہا کہ موجودہ جنگ روس کے یوکرین پر حملے سے پیدا نہیں ہوئی بلکہ یوکرین میں علیحدگی پسندوں کی بغاوت کا نتیجہ تھی۔

پوٹن نے الزام عائد کیا کہ یوکرین کی اندرونی بغاوت کو مغربی ممالک نے اپنی بے جا حمایت اور اشتعال دلاکر روس کے ساتھ جنگ میں تبدیل کیا۔

روسی صدر نے یوکرین کو نیٹو میں گھسیٹنے کی مغربی ممالک کی مسلسل کوششوں کو بھی یوکرین جنگ کی ایک وجہ قرار دیا۔

روسی صدر نے یوکرینی بحران کے حل میں چین سمیت دیگر حلیف ممالک کی سہولت کاری اور کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں ٹرمپ پوٹن کی الاسکا میں ملاقات کے بعد امریکا کے خصوصی ایلچی سٹیو وِٹکوف نے کہا تھا کہ روسی صدر نے مستقبل کے ممکنہ امن معاہدے کے چند نکات پر اتفاق کیا ہے۔

جن میں سے ایک یوکرین کے لیے سکیورٹی کی ضمانت ہے حالانکہ روس نے اُس وقت تک تصدیق نہیں کی تھی۔

یاد رہے کہ 2014 میں کریمیا پر قبضہ کرنے کے بعد سے روسی پراکسیوں نے مشرقی یوکرین کے ایک حصے پر قبضہ کر لیا تھا۔

Check Also

مسجد اقصیٰ کو یہودی عبادت گاہ میں بدلنے کی تیاری

فلسطینی اتھارٹی نے الزام لگایا ہے کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ کے صحن کے نیچے غیرقانونی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *