پولیس اہلکار کو ہیرو بننا مہنگا پڑگیا، گاڑی سے لٹکے ہوئے سڑک پر گھسیٹنے کی ویڈیو وائرل

پشاور کے علاقے گلبہار میں ایک پولیس اہلکار کی ڈرامائی کوشش نے اسے ہیرو بننے کے بجائے مشکل میں ڈال دیا۔

جی ٹی روڈ پر پیش آنے والا یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک پولیس اہلکار نے کپڑا اسمگل کرنے والے چنگچی رکشہ کو روکنے کےلیے چلتی ہوئی گاڑی کو پکڑ لیا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار نے گاڑی کو روکنے کےلیے ڈرامائی انداز اختیار کیا۔ تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے اپنا راستہ جاری رکھا، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار گاڑی کے ساتھ چمٹ گیا اور کچھ فاصلہ تک گاڑی کے ساتھ سڑک پر گھسٹتا رہا۔

ویڈیو میں واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار نے گاڑی کو روکنے کی پوری کوشش کی، لیکن اسمگلر ڈرائیور نے نہ صرف گاڑی نہ روکی بلکہ پولیس اہلکار کو گاڑی کے ساتھ گھسیٹتا رہا۔ اس ڈرامائی منظر نے راہگیروں کو بھی حیران کردیا۔

اس واقعے کے بعد پولیس محکمہ کی طرف سے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز نے اس پولیس اہلکار کو معطل کردیا ہے۔ محکمہ پولیس کے مطابق اہلکار نے بغیر کسی مناسب بیک اپ کے خطرناک طریقہ کار اختیار کیا، جس سے اس کی اپنی جان کو بھی خطرہ تھا۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعے پر مختلف ردعمل کا اظہار کیا۔ کچھ صارفین پولیس اہلکار کی بہادری کو سراہ رہے ہیں تو دوسرے اس کے طریقہ کار پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا ’’ہیرو بننے کا شوق پورا ہوا مگر طریقہ کار غلط تھا۔‘‘ جبکہ دوسرے صارف نے کمنٹ کیا ’’کم از کم کوشش تو کی، بہت سے لوگ تو یہ کوشش بھی نہیں کرتے۔‘‘

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسے معاملات میں مناسب طریقہ کار اپنایا جانا چاہیے اور بغیر بیک اپ کے ایسی کارروائی کرنا نہ صرف خطرناک ہے بلکہ قواعد و ضوابط کے بھی خلاف ہے۔ اب معطل اہلکار کے خلاف داخلی تفتیش جاری ہے۔

Check Also

کراچی: افغان کیمپ میں 300 سے زائد مکانات اور دکانیں گرادی گئیں

کراچی (پبلک پوسٹ )کراچی میں ناردرن بائی پاس پر افغان کیمپ میں پولیس نے آج …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *