بھارتی وزیر دفاع نے کبھی سندھو کا پانی نہیں پیا اس لیے دماغ خراب ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(پبلک پوسٹ)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع نے کبھی سندھو کا پانی نہیں پیا اس لیے اس کا دماغ خراب ہے، سندھو کا پانی پینے والا اس دھرتی سے غداری نہیں کر سکتا۔

سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارت کے دفاع کے وزیر نے جو تاثر دیا وہ قابل مذمت ہے، میں سمجھتا تھا کہ راج ناتھ سندھ میں پیدا ہوا ہوگا اس لیے اس کو درد ہے لیکن بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ اور اس کا باپ بھارت میں ہی پیدا ہوئے، گندے انڈے ہر جگہ ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دریا کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں، حکومت پاکستان اس قرارداد کو دنیا میں بھیجے اور بتائے کہ بھارت سندھ دریا پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جو قرارداد پیش کی گئی اس میں پوری تاریخ بیان کی گئی ہے، میں 1947 اور انگریز دور کی بات نہیں کر رہا۔ سندھ کے قدیمی نقشے میں ملتان اور مکران بھی شامل تھا، سندھ قبل مسیح سے بھی پہلے موجود تھا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ سندھ چیپٹر نے پاکستان کی قرارداد پیش کی تھی، ہم سب پاکستان بنانے والے یہاں بیٹھے ہیں اور ہمارے بڑوں کی قربانیوں کی وجہ سے پاکستان بنا ہے۔

بھارتی وزیر دفاع کے بیان کے خلاف قرارداد منظور

قبل ازیں، پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی مکیش چاولہ نے بھارت کے وزیر دفاع کی جانب سے سندھ کو بھارت کا حصہ بنایا جانے والے بیان کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد پیش کی۔

وزیر داخلہ ضیاءالنجار نے کہا کہ یہ مشترکہ قرارداد ہے، اس کو اپوزیشن کی جانب سے بھی پڑھا جائے تو اچھا ہو جائے گا۔

بھارتی وزیر دفاع کے بیان کے خلاف حکومت کی جانب سے پیش کردہ مذمتی قرارداد کی اپوزیشن نے بھی حمایت کر دی۔ ایم کیو ایم کے مہیش کمار ہسیجا نے قرارداد پڑھی۔

سندھ اسمبلی نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت اس قرارداد کو دنیا بھر کو بھیجے، بھارت سندھو دریا پر قبضہ کرنا چاہتا ہے لہٰذا عالمی فورمز پر بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی مذمت کی جائے۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس کل صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’’آج سندھ کی سرزمین چاہے بھارت کا حصہ نہیں ہے، لیکن تہذیبی طور پر سندھ ہمیشہ بھارت کا حصہ رہے گا۔ جہاں تک زمین کا تعلق ہے تو سرحدیں بدل سکتی ہیں، کون جانتا ہے، شاید کل سندھ دوبارہ بھارت کا حصہ بن جائے۔‘‘

Check Also

کمشنر کراچی کی ہدایت:مخدوش عمارتوں کا سروے مکمل کریں اورخالی کروائی گئی عمارتیں منہدم کریں

کراچی (پبلک پوسٹ )کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے سندھ بلڈنگ اینڈ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کو …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *