کراچی کے علاقے کیماڑی میں موچکو پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسمگل کی جانے والی ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 5 کلو آئس برآمد کر لی۔ کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ نے بتایا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مہلک منشیات کی ترسیل کو ناکام بنایا۔ ان کے مطابق 5 کلو آئس موٹر سائیکل کے ذریعے اسمگل کی جا رہی تھی، جسے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پکڑا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان وندر سے کراچی منشیات کی ترسیل میں ملوث تھے اور برآمد کی گئی آئس شہر کے پوش علاقوں میں سپلائی کی جانی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف پہلے ہی مختلف تھانوں میں منشیات اور اسلحہ رکھنے کے 6 سے زائد مقدمات درج ہیں۔
موچکو تھانے میں ملزمان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے اور نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
THE PUBLIC POST