پاکستانی ڈرامے نیٹ فلکس پرکیوں ریلیز نہیں ہو رہے

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل رحمٰن نے پاکستانی ڈراموں کے نیٹ فلکس پر ریلیز نہ ہونے کی وجہ بتا دی۔

فیصل رحمٰن نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے کہا کہ میں ٹی وی اسکرین پر واپس نہیں آیا ہوں، میں سوشل میڈیا پر واپس آگیا ہوں، مجھے ٹیلی ویژن میں اب واقعی کوئی دلچسپی نہیں ہے کیونکہ میں نے 10 سال کے بعد ایک سیریل کیا تھا اور مجھے اس میں مزہ نہیں آیا۔

اداکار نے کہا کہ مجھے اپنی ڈرامہ انڈسٹری میں ابھی کوئی بہتری نظر نہیں آ رہی ہے اور دوسری بات یہ ہے کہ ابھی مجھے جن کرداروں کی پیشکش کی جا رہی ہے ان میں کارکردگی دکھانے کا مارجن صفر ہے، اب اگر ایک باپ کا کردار میں میرے پاس کارکردگی دکھانے کا کتنا مارجن ہوگا؟

اُنہوں نے مزید کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ میں والد کا کردار ادا نہیں کرنا چاہتا لیکن کم از کم اس کردار کو ایک کہانی تو دیں۔

فیصل رحمٰن نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ایک اداکار ہوں بزنس مین نہیں ہوں جو اپنے لیے خود پروجیکٹ تیار کرے گا، میں صرف اداکاری کرنا جانتا ہوں تو مجھے اپنا کام کرنے کے لیے صرف ایک اچھی کہانی اور اچھے ہدایت کار کی ضرورت ہے۔

اُنہوں نے پاکستانی ڈراموں کے نیٹ فلکس پر ریلیز نہ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ایک چھوٹی صنعت ہے اور ہماری انڈسٹری میں کام بھی ہو رہا ہے لیکن پاکستانی ڈرامے یا پروگرام ابھی تک نیٹ فلکس تک کیوں نہیں پہنچے ہیں؟ وہ ہمارے ساتھ کام کیوں نہیں کرتے؟ کیونکہ ہمارے پاس نیٹ فلکس پر ریلیز کرنے کے لیے کوئی اچھا مواد نہیں ہے۔ وہ جیسا مواد چاہتے ہیں وہ بھارت پہلے ہی بنا کر ریلیز کر رہا ہے۔

اداکار نے مزید کہا کہ ہماری انڈسٹری میں پیشہ ورانہ مہارت اور مضبوط کہانی سنانے کی صلاحیت کی کمی ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم ثقافتی طور پر بھارت سے متاثر ہیں اور بھارتی ثقافت کی پیروی کرنے والی کہانیاں بناتے ہیں تو خود سوچیں کہ اس طرح ہم آگے کیسے بڑھ سکتے ہیں؟

Check Also

عدلیہ آزاد ہوتی توعمران خان جیل میں نہ ہوتے، علیمہ خان

سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کے ان کو …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *