الخدمت فاؤنڈیشن نے غزہ متاثرین کے لیے 15 ماہ کے دوران ساڑھے 5 ارب روپے کی امدادی سرگرمیوں کے بعد اگلے مرحلے میں 15 ماہ کے لیے 15 ارب روپے سے ریلیف، بحالی اور تعمیر نو کا آغاز کر دیا۔
لاہور میں الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان، سیکریٹری جنرل سید وقاص جعفری اور نائب صدور سمیت دیگر ذمہ داران نے غزہ میں جاری امدادی سرگرمیوں اور بحالی و تعمیرنو کے حوالے سے پریس کانفرنس کی۔
صدر الخدمت فاؤندیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے غزہ کے عوام کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں اور بحالی و تعمیر نو کے حوالے سے لائحہ عمل کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے گزشتہ 15 ماہ میں ساڑھے 5 ارب روپے کی امدادی سرگرمیوں کے بعد اگلے 15 ماہ کے لیے ریلیف، بحالی اور تعمیر کے لیے 15 ارب روپے سے ’’ری بلڈ غزہ‘‘ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت متاثرین کو عارضی شیلٹر، اشیائے ضروریات، اشیائے خوردونوش، طبی سہولیات، ایمبولینس، موبائل ہیلتھ یونٹس، ادویات اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ابتدائی طور پر غزہ میں ایک ہسپتال کی بحالی، مکمل یا جزوی طور پر متاثرہ 5 اسکولوں کی تعمیر نو اور 25 مساجد کی تعمیر اور بحالی کی جائے گی