الکرم اسکوائر میں غیر قانونی بس اڈے؛سندھ ہائی کورٹ کا برہمی کا اظہار، رپورٹ طلب

کراچی(پبلک پوسٹ )( صباحت رضا زیدی) سندھ ہائی کورٹ نے الکرم اسکوائر لیاقت آباد میں قائم غیر قانونی بس اڈوں کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سینٹرل اور ایس پی سینٹرل سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

سماعت کے دوران عدالت نے شہر میں انٹرسٹی بس اڈوں کے قیام اور بسوں کے داخلے پر برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس عدنان اقبال چوہدری نے ریمارکس دیے کہ اگر کہا جارہا ہے کہ شہر سے بس اڈے ختم کردیئے گئے ہیں اور کارروائیاں جاری ہیں تو پھر بسیں شہر میں داخل کیسے ہورہی ہیں؟درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے شہر بھر سے بس اڈوں کے خاتمے کا حکم دیا تھا، تین اڈے ختم بھی کردیے گئے لیکن الکرم اسکوائر کا اڈا تاحال قائم ہے اور وہاں سے بسیں چل رہی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے بس اڈے کی تازہ تصاویر بھی عدالت میں پیش کیں۔عدالت نے ایس پی ٹریفک سینٹرل سے استفسار کیا کہ کارروائی کیوں نہیں کی جارہی؟ ایس پی نے جواب دیا کہ بس اڈے سہراب گوٹھ سے آگے منتقل کر دیے گئے ہیں، جو بسیں خلاف ورزی کرتی ہیں ان کے چالان کیے جاتے ہیں، اب تک 500 سے زائد بسوں کے چالان کاٹے جاچکے ہیں۔تاہم عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ بسوں کو مکمل طور پر شہر میں داخل ہونے سے کیوں نہیں روکا جاتا؟ ساتھ ہی عدالت نے ہدایت دی کہ وہ اہلکار جو بسوں کو شہر میں داخل ہونے سے نہیں روکتے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔عدالت نے مزید سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سینٹرل اور ایس پی سینٹرل سے رپورٹ طلب کرلی۔

Check Also

ن لیگ سے لفظی جنگ؛ پیپلز پارٹی کا وزیراعظم سے ملاقات کرکے معاملہ اٹھانے کا فیصلہ

پیپلز پارٹی نے ن لیگ سے لفظی جنگ کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھانے کا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *