پیٹ کمنزکمر کی تکلیف کی وجہ سے ایشیز سیریز میں شرکت کے حوالے سے غیریقینی صورتحال کا شکار

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز ایشیز سیریز میں شرکت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز ان دنوں کمر کی تکلیف سے دوچار ہیں اور ایشیز سے قبل مکمل فٹنس حاصل کرنے کیلیے پرامید ہیں۔

مگر دوسری جانب وہ پہلے ٹیسٹ تک خود کو فٹ ثابت کرنے کے حوالے سے غیر یقینی کا بھی شکار ہیں۔

وہ جولائی میں دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد سے کمر کی تکلیف کا شکار ہیں اور گزرتا ہوا وقت ان کی پریشانی میں اضافہ کر رہا ہے۔

کمنز کے اسکین ٹیسٹ میں ان کے بون اسٹریس کا شکار ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کی وجہ سے انہیں رننگ اور بولنگ دونوں سے پرہیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پیٹ کمنز اچھی طرح جانتے ہیں کہ انہیں پرتھ میں انگلینڈ کے خلاف 21 نومبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے قبل ہی اپنی فٹنس ثابت کرنا ہوگی۔

انہوں نے امید بھی ظاہر کی کہ وہ اس میچ سے چھ ہفتے قبل بولنگ پریکٹس شروع کردیں گے۔

ایک تقریب کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ابھی کچھ وقت باقی ہے، اس لیے میں فی الحال دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر کارفرما ہوں۔ اگلے چند ہفتے تو مجھے مکمل آرام کرنا ہے، نہ تو رننگ کرنا ہے اور نہ ہی بولنگ کرسکتا ہوں۔

اگر پیٹ کمنز پہلے ایشیز ٹیسٹ سے قبل مکمل فٹ نہیں ہوئے تو پھر ٹیم میں ان کی جگہ اسکاٹ بولینڈ کو مل سکتی ہے جبکہ بولنگ اٹیک میں تجربہ کار مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور ناتھن لائن کی شمولیت یقینی ہے۔

پیٹ کمنز کہتے ہیں کہ آسٹریلیا کے پاس فاسٹ بولنگ ڈپارٹمنٹ میں خاطر خواہ آپشنز موجود ہیں، ہم اس معاملے میں کافی بہتر پوزیشن میں ہے، کئی پیسرز موقع کے منتظر ہیں۔

Check Also

پی سی بی اسکول کرکٹ: ابراہیم علی بھائی اور بیکن ہاوس اسکول کی شاندار فتوحات

کراچی (اسپورٹس ڈیسک)پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام برائے اسکول کرکٹ (کراچی ریجن) کے تحت …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *