پاکستان کسٹمز نے کراچی میں 3 ارب 90 کروڑ روپے کا ممنوعہ سامان تلف کر دیا

کراچی: پاکستان کسٹمز نے اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں تقریباً 3 ارب 90 کروڑ روپے مالیت کا ضبط شدہ ممنوعہ سامان تلف کر دیا۔ یہ کارروائی کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) کراچی اور کلکٹریٹ آف کسٹمز (ایئرپورٹس) کراچی کے باہمی اشتراک سے انجام دی گئی۔تلفی کی یہ کارروائی گڈاپ ٹاؤن، دیہہ نارتھار، پلاٹ نمبر 243 میں سخت نگرانی، شفاف طریقہ کار اور ماحولیاتی تحفظ کے اصولوں کے مطابق مکمل کی گئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی، موئن الدین احمد وانی تھے جبکہ کلکٹر کسٹمز ایئرپورٹس کراچی، سعدیہ شیراز سمیت سندھ رینجرز، ایف آئی اے اور سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔کسٹمز حکام کے مطابق یہ سامان جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دیگر چیک پوسٹس سے ضبط کیا گیا تھا، جسے قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سرکاری گوداموں میں محفوظ رکھا گیا اور بعد ازاں تلف کیا گیا۔تلف کیے گئے سامان میں 6 لاکھ 20 ہزار کلوگرام چھالیہ، 74 ہزار کلوگرام گٹکا، ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد سگریٹ و سگار، 73 ہزار کلوگرام اجینوموٹو نمک، 23 ہزار کے قریب شراب و بیئر کی بوتلیں، چرس اور ہیروئن پاؤڈر سمیت ایکسپائر ادویات، شیشہ مصنوعات، تمباکو، کھلونے اور دیگر ممنوعہ اشیا شامل تھیں۔حکام کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ کی جانب سے تلف کیے گئے سامان کی مالیت 3 ارب 60 کروڑ روپے جبکہ کسٹمز ایئرپورٹس کے ضبط شدہ سامان کی مالیت 32 کروڑ 58 لاکھ 60 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔کسٹمز حکام نے واضح کیا کہ یہ اشیا امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 کے تحت ممنوعہ ہیں اور انسانی صحت، قومی سلامتی اور سرکاری ریونیو کے لیے سنگین خطرہ سمجھی جاتی ہیں۔پاکستان کسٹمز، جو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے تحت کام کر رہا ہے، نے اسمگلنگ کے مکمل خاتمے، قانون کے نفاذ اور عوام کو مضر اشیا سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

Check Also

ہرجانہ کیس: سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کوعمران خان کے خلاف کارروائی سے روک دیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر ٹرائل کورٹ کو …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *